
غزہ: القسام بریگیڈز کےترجمان ابوعبیدہ نےکہا ہےکہ طوفان الاقصٰی شروع ہونے کے بعد سے 48 دن گزرے ہیں اور فسلطینی جوان دشمن صہیونیوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک دشمن کو شدید نقصان پہنچاتے ہوئے 335 بکتر گاڑیاں تباہ کردی گئی ہیں۔ گذشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مجاہدین نے کاروائیاں بڑھاتے ہوئے 33 گاڑیاں تباہ کردی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز التوام کے علاقے میں فوجی گاڑی سے اترنے والے صیہونی اہلکاروں پر گھات لگاکر حملہ کیا اور پانچ اسرائیلی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ بیت حانون میں دشمن کے فوجیوں پر بموں سے حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رنتیسی اسپتال کے مشرقی علاقے محلہ شیخ رضوان میں القسام کے جوانوں نے گشت کرنے والے صیہونی اہلکاروں پر حملہ کردیا جس سے 8 صیہونی فوجی ہلاک یا زخمی ہوگئے۔ ابوعبیدہ نے کہا کہ دشمن کو غزہ پر جارحیت کے بعد شہری قتل کرنے کے علاوہ کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔ اگر دشمن جنگ جاری رکھنا چاہتا ہے تو ہم بھی ہر حالت کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ عارضی جنگ بندی کی شروع سے ہم نے تجویز دی تھی جبکہ دشمن طاقت کے زور پر اپنے اہداف حاصل کرنا چاہتے تھے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ غرب اردن کے فلسطینی عوام کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے غزہ کے بے گناہ عوام کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یمن، عراق اور لبنان میں سرگرم مقاومتی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔


































