
جنین : صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین مہاجر کیمپ کے 90 فیصد سے زائد مکینوں کو زبردستی بے گھر کر دیا ہے۔ فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں پناہ گزین کیمپوں میں رہنے والے دسیوں ہزار فلسطینی اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں کیونکہ ایک ہفتے سے جاری اسرائیلی جارحیت نے مکانات کو منہدم کر دیا ہے اور اہم انفراسٹرکچر کو منظم طریقے سے تباہ کر دیا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج 21 جنوری کو جنین میں داخل ہوئی اور سینکڑوں فوجیوں اور بلڈوزروں کو تعینات کیا گیا جنہوں نے مکانات کو مسمار کیا اور سڑکیں کھود کر کیمپ کے تقریباً تمام مکینوں کو باہر نکال دیا۔ جینین کیمپ سروسز کمیٹی کے سربراہ محمد الصباغ نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ کیمپ میں کیا ہو رہا ہے لیکن وہاں مسلسل مسماری اور سڑکیں کھودی جا رہی ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق جنین سے سترہ ہزار۔ نورشمس کیمپ سے چھ ہزار اور طولکرم سے دس ہزار سے زائد فلسطینی گھروں سے بیدخل کئے جاچکے ہیں۔


































