
انقرہ : ترک صدر طیب رجب اردوان نے کہا ہے کہ اگر آج ہم غزہ میں جاری ظلم پر کچھ نہ کر سکے تو آنے والے کل میں قابض جنونیوں کو اپنی سرحدوں پر نہیں روک پائیں گے۔ دارالحکومت انقرہ میں کابینہ اجلاس میں شرکت کے بعد طیب اردوان نے دعویٰ کیا کہ یورپی طاقتیں اسرائیلی درندگی کی مذمت کرنے سے اسلئے گریز کرتی ہیں کیونکہ ماضی میں انہوں نے خود یہودیوں پر ستم ڈھائے ہیں۔ ترکیہ کے تاریخی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ وہ واحد ملک ہے جس پر اسرائیل یہودی مخالفت کا الزام نہیں لگا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور اس کے حمایتی، بچوں، خواتین اور ضعیف لوگوں پر جدید مہلک ترین ہتھار استعمال کر رہے ہیں جس کا فیصلہ انسانی ضمیر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا مدافعت نہیں بربریت اور دہشت گردی ہے۔


































