
بغداد: عراق کے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے کہا ہے کہ بغداد نے ایران اور سعودی عرب کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بغداد میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ اور اچھی خبر کی توقع ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کا ملک سعودی عرب اور ایران سمیت 5 ممالک کے درمیان مذاکرات کی سرپرستی کر رہا ہے۔ تاہم انہوں نے ان ممالک کا نام نہیں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں بڑی حد تک کامیاب ہوا ہے اور یہ بہت اہم ہے۔ عراق خطے کا ایک مرکزی ملک ہے اور اس لیے یہ بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ مصطفیٰ کاظمی نے مزید کہا کہ اعتماد کے بحران نے اس کے کردار میں رکاوٹ ڈالی تھی، لیکن اب اس پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں مصری اور اردنی وزرائے خارجہ کے عراق کے دوروں کو اپنے ملک کے اہم کردار کے ثبوت کے طور پر حوالہ دیا۔


































