
اوسلو: پاکستان سمیت اہم اسٹیک ہولڈرز نے افغان حکومت سے کہا ہے کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں افغانستان میں امن کیلئے سفارتکاری سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں اقوام متحدہ، پاکستان، قطر، امریکا۔ برطانیہ، ہندوستان اور دیگرممالک کے سفیروں نے افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کا مقصد طالبان انتظامیہ پراپنے وعدوں پرعمل کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا تھا۔ اجلاس کے شرکاء نےافغان طالبان پر جامع حکومت بنانے، دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے اور لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی اٹھانے پر اتفاق کیا۔ افغان طالبان نے اگست 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد لڑکیوں کی تعلیم سمیت دنیا کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم سخت گیر حکومت اپنے وعدوں سے پھرگئی اور لڑکیوں کی تعلیم پر مکمل پابندی لگا دی۔ طالبان کے اس اقدام نے کابل انتظامیہ کو تسلیم کرنے کے امکانات کو کم کردیا۔


































