
بیروت : حماس رہنما خالد مشعل نے کہا ہے کہ حقیقی خطرہ غزہ سے نہیں بلکہ قابض صیہونی ریاست سے ہے۔ فلسطینیوں سے ہتھیار چھیننا دراصل ان کی روح چھیننے کے مترادف ہے۔
خالد مشعل نے کہا کہ غزہ میں انتظامیہ کو مکمل طور پر فلسطینیوں پر مشتمل ہونا چاہیے اور فلسطینی خود فیصلہ کریں اور حکمرانی کریں۔ غزہ کی انتظامیہ کا فیصلہ فلسطینیوں کے اختیار میں ہی رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی تنازع نے خطے میں اپنی روح دوبارہ حاصل کر لی ہے اور اب وہ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا بلکہ سب پر اپنی موجودگی مسلط کررہاہے۔
خالد مشعل نے کہا کہ غزہ کو دوبارہ جنگ کا ایندھن نہ بنایا جائے۔ ثالثوں کو آگاہ کردیا ہے کہ غزہ کو دوبارہ کھڑا ہونے اور بحال ہونے میں مدد کی ضرورت ہے۔
اُدھرحماس کے رہنما حسام بدران نے واضح کیا ہے کہ جب تک اسرائیلی قبضہ اپنی ذمہ داریوں سے گریز اور خلاف ورزیاں جاری رکھے گا، جنگ بندی کا اگلا مرحلہ شروع نہیں ہوسکتا۔ حماس نے ثالثوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر موجودہ وعدوں پر مکمل عملدرآمد کیلئے دباؤ ڈالیں.


































