
نئی دہلی : ہندوستان کے وزیر داخلہ امت شاہ نے کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں لے جانا سابق وزیراعظم جواہر لعل نہرو کی غلطی قرار دیا ہے۔ راجستھان کے شہر جودھ پور میں انتخابی ریلی سے خطاب میں امت شاہ نے کشمیر میں ہندوستان کا پرچم بلند کرنے پر وزیراعظم نریندرمودی کو سراہا۔ امت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی نے ان تمام وعدوں کو پورا کیا ہے جو ہم نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قیام کے بعد کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جواہر لعل نہرو نے جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 نافذ کر کے ایک غلطی کی۔ نریندرمودی نے اُسے ختم کرکے کشمیر میں ہندوستانی پرچم لہرایا۔ امت شاہ نے رام مندرکا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیراعظم کی تعریف کی اور کانگریس پر رام مندر کے معاملے کو کئی دہائیوں سے نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے راہل گاندھی کے میچ فکسنگ کے الزام پرکہاکہ چاہے کتنی ہی پارٹیاں اکٹھی ہوجائیں، مودی پھر بھی الیکشن جیتیں گے۔


































