
اسٹاک ہوم: سوئیڈن میں قرآن جلانے والے ملعون نے ایک بار پھر اپنا گھناؤنا فعل دہرانے کی دھمکی دیدی۔ عراقی نژاد ملعون سلوان مومیکا نے دھمکی دی ہے کہ وہ آئندہ دس دنوں میں اسٹاک ہوم میں عراقی سفارتخانے کے سامنے عراقی پرچم اور قرآن کے نسخے کو دوبارہ نذر آتش کرے گا۔ سلوان مومیکا کا کہنا ہے کہ اسے معلوم ہے کہ اسکے فعل پر شدید ردعمل آئے گا۔ اسے قرآن جلانے پر قتل کی ہزاروں دھمکیاں مل چکی ہیں۔ ادھر اسٹاک ہوم پولیس نے ملعون سلوان مومیکا کیخلاف نسلی یا قومی گروہ کے خلاف اشتعال انگیزی کرنے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین نے قرآن سوزی کو مسترد کرتے ہوئے اسے جارحانہ، توہین آمیز اور اشتعال انگیزی پر مبنی اقدام قرار دیا ہے۔ یورپی یونین کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ قطعی طور پر یورپی یونین کے نظریات کی عکاسی نہیں کرتا۔ نسل پرستی، غیر ملکیوں کے خلاف تعصب اور اس سے متعلقہ عدم برداشت کی یورپ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ یورپی یونین مقامی سطح پر اور دیگر ممالک میں بھی مذہب یا عقیدے کی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کی حمایت کرتا رہے گا۔


































