
قندھار : افغانستان کے شہر قندھار کی شیعہ مسجد میں نماز جمعہ کے دوران تہرے خودکش حملے میں شہدا کی تعداد 62 ہوگئی ہے جبکہ 70زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور تین تھے، ایک مسجد کے دروازے، دوسرا جنوبی دروازے اور تیسرا وضوخانہ میں جاکر پھٹ گیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت اسے بہت بڑا جرم تصور کرتی ہے۔ ذمہ داروں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستی نے کہا کہ حکام دھماکے کی تفصیلات اکٹھی کر رہے ہیں ہمیں یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ قندھار میں ایک مسجد کےاندر دھماکے میں ہمارے متعدد ہم وطن جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ گزشتہ جمعہ کو قندوز میں مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے میں 100 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے۔


































