
غزہ : غزہ کے شمالی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے کئی خیمے اڑ گئے اور خیموں میں پانی داخل ہوگیا۔ بارش کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے۔ بے سروسامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے پڑے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔ بارش کے باعث کئی ماہ سے پڑا کچرہ سڑنے لگا ہے جس سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ غزہ شہر کے رہائشیوں نے خطرناک اور زہریلے کچرے کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلیان غزہ نے کہاہے کہ اسپتالوں کے ارد گرد فضلہ کا جمع ہونا صحت کے سنگین خطرات کو جنم دیتا ہے۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی سخت موسم سرما کے رحم و کرم پر ہیں۔شمالی حصے میں جہاں اسرائیلی فوج نے مہینوں سے شدید محاصرہ کیا ہوا تھا، بہت سے لوگ اب بھی خستہ حال خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں۔


































