
قاہرہ : اردن اور مصر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فلسطینیوں کو بے دخل کیے بغیر غزہ کی تعمیر نو کا عمل شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خطے کی تازہ صورت حال بالخصوص غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے مضمرات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں صدور نے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت، یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی اور انسانی امداد کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔ مصری صدر نے واضح کیاکہ خطے میں کوئی بھی پیش رفت مصری اور اردنی عوام کے مفادات اور تمام عرب عوام کے مفادات میں ہونی چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطینی بھائیوں کی نقل مکانی کے خلاف اپنے مشترکہ موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کو ان کے مکمل جائز حقوق کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے ہم آہنگی برقرار رکھنے کی خواہش پر زور دیا۔


































