
اسلام آباد : پاکستان میں نئے مالی سال کے بجٹ پرحکمران اتحاد میں پھوٹ پڑگئی۔ پیپلزپارٹی نے حکومت کو وارننگ دیدی۔ وفاقی بجٹ میں سندھ کے سیلاب زدگان کے لئے فنڈز مختص نہ کرنے پر پیپلزپارٹی حکومت سے ناراض ہوگئی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے فنڈز نہیں ملا تو بجٹ منظور نہیں ہونے دینگے۔ جبکہ وزیراعظم کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ بیرونی امداد ملنے پر ہی مطلوبہ فنڈز فراہم ہوسکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نےکہاکہ وزیر اعظم نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا۔ ملک اسکا متحمل نہیں ہوسکتا وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل لوگوں سے حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔ وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں، ہمارے مسائل حل ہونگے تو آگے بڑھیں گے۔ مالی امور پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے مذاکرات پیر کو ہوں گے جس میں دونوں جماعتوں کے مالی امور سے متعلق وزراء اور ماہرین حصہ لیں گے۔


































