
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی پانچویں لہر کا سامنا کررہے ہیں لیکن کاروباری مراکز بند نہیں کریں گے جبکہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ نیشنل اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز پالیسی کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ صدی میں ایک مرتبہ ایسی صورتحال ہوتی ہے، عالمی مالیاتی ادارے سمیت دیگر اداروں نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے وبا میں اپنی معیشت اور انسانوں کی جان بچانے کے لیے جو حکمت عملی اختیار کی وہ قابل ذکر ہے۔اسمال انڈسٹری سب سے زیادہ روزگار فراہم کرتا ہے لیکن ماضی میں اس شعبہ پر کبھی توجہ نہیں دی گئی، متعارف کرائی جانی والی پالیسی سے چھوٹے کاروباری طبقے کو قرض مل سکے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں پر مشتمل آبادی کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں سہولیات فراہم کرنا ہوگا۔


































