
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے غزہ جنگ بندی کو اسرائیل کی شکست قرار دے دیا۔ عید بعثت کی مناسبت سے تہران میں مسلم سفیروں اور شخصیات سے ملاقات میں آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ چھوٹے سے غزہ نے دانتوں تک مسلح اور امریکی حمایت کے باوجود اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ آیت اللہ خامنہ ای کا مزید کہنا تھا کہ غزہ نے صیہونی حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔ یہ مزاحمت کا کمال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ سفارت کاری کی مسکراہٹوں کے پیچھے پوشیدہ اور اندرونی دشمنیاں اور بدنیتی چھپی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم تین استعماری مراحل کا سامنا کر رہے ہیں۔ دنیا کی شیطانی اور ظالم طاقتیں دیگر اقوام اور ممالک کے قدرتی وسائل پر نظریں جمائے ہوئے ہیں اور انہیں تباہ و برباد کرنے کے درپے ہیں۔ ان سب میں امریکہ سرفہرست ہے۔ امریکہ پر دنیا کے ثروت مندوں کی بالادستی اور حکومت ہے۔ یہی حاکم طبقہ دنیا پر اپنی بالادستی اور استعمار کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کہا کہ عید مبعث دنیا بھر کے آزادی کے متوالوں اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چاہنے والوں کی عید ہے۔ بعثت ایک مسلسل اور دائمی جریان ہے۔ ہر دور میں اس کے برکات سے استفادہ ممکن ہے۔ دائمی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ہر زمانے میں بعثت کے برکات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا کہ بعثت کے ابتدائی دور میں جو انقلاب آیا اس کی نبی مکرم اسلام نے خود قیادت کی اور بھرپور محنت سے کام لیا۔ یہی اصول ہر دور میں ممکن ہے، بشرطیکہ ہم عقل اور ایمان کے دو بنیادی عناصر کے مطابق عمل کریں۔


































