
ریاض : غزہ کی صورتحال پر غور کیلئے سعودی عرب کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس ہوا۔ ریاض میں ہونیوالے اجلاس میں قطر۔ عرب امارات۔ اردن، مصر کے وزرائے خارجہ اور فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری شہری امور حسین الشیخ نے شرکت کی۔ تمام وزراء نے غزہ جنگ کے خاتمے، فوری اور مکمل جنگ بندی تک پہنچنے، بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور پٹی میں انسانی امداد کے داخلے میں رکاوٹ بننے والی تمام پابندیوں کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تمام رہنماؤں نے دو ریاستی حل کو عملی جامہ پہنانے اور 4 جون 1967 کے خطوط پر مشرقی یروشلم کے دارالحکومت کے طور پر فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے ناقابل واپسی اقدامات کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ شرکا نے کہا کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے، اور تمام ممالک جبری نقل مکانی کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔


































