
بغداد : عراق اور قطر نے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی نے اپنے دورہ بغداد میں وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی سمیت دیگر عراقی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ جس میں تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیاسی، اقتصادی، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں جامع تعاون سے متعلق اعلامیے پر دستخط کیے گئے۔ دونوں فریقوں نے فضائی اور بحری نقل و حمل کے شعبوں میں دو معاہدوں اور سفارتکاروں کیلئے ویزا کی شرائط کے خاتمے کی مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے۔ توانائی کے شعبے میں تعاون کی متعدد یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ قطری امیر نے کہاکہ ان کا دورہ بغداد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔ السوڈانی نے خطے کے ممالک کے درمیان ایک کامیاب اقتصادی بلاک بنانے پر زور دیا۔


































