
لاہور : شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے سیالکوٹ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے غیر انسانی واقعات پر بیانات کے ساتھ عوامل کا جائزہ لے کر مستقل حل بھی نکالا جائے، کیونکہ سانحہ سیالکوٹ سے جہاں ملک کا امیج بین الاقوامی سطح پر متاثر ہورہاہے وہاں آئندہ نسلوں اور ملک کی سلامتی پر بھی اس کے مضر اثرات مرتب ہوں گے، لوگوں کو اکسانے کےلئے مذہب کا استعمال انتہائی قبیح فعل اور سنگین ترین جرم ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہاکہ یہ پہلا واقعہ نہیں، جہاں ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں رہا ، ملک کے تمام طبقات اس سے متاثر ہوئے ،اس نوعیت کے بہت سے واقعات تسلسل کے ساتھ رونما ہوئے اور ہر واقعہ کے بعد نیا رونما ہونے والا واقعہ اس سے زیادہ بد تر ہوا، سیالکوٹ واقعہ بھی ملک کی مجموعی صورتحال میں ایسے ہی واقعات کا تسلسل ہے ۔


































