
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں متعدد قراردادیں پیش کی گئیں۔ موسٹ سینئر وزیر وقار احمد نور، وزیر قانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید، وزیر تعمیرات عامہ اظہر صادق، وزیر زراعت و لائیوسٹاک سردار میر اکبر خان، وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور، وزیر خزانہ عبدالماجد خان و دیگر کی جانب سے قرارداد کو موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے ایوان میں پڑھا جس میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ خصوصی اجلاس یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقد ہو رہا ہے۔ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی منتخب اور نمائندہ اسمبلی کا یہ اجلاس سیز فائر لائن کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کی نمائندگی کرتا ہے۔
یہ ایوان حکومت پاکستان، پاکستانی عوام اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہے کہ وہ 1990ء سے ہر سال مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کر کے کشمیریوں اور پاکستانیوں کے لازوال مذہبی، ثقافتی، سماجی اور معاشی رشتوں کی تجدید کرتے ہیں۔ یہ ایوان مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کی طرف سے 05 اگست 2019ء اور اس کے بعد سے آج تک کے جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن ایکٹ 2019ء کے تحت کیے گئے جملہ قانونی اور انتظامی اقدامات کو بین الاقومی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی سمجھتا ہے اور اس کو مسترد کرتا ہے۔ یہ ایوان مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو بدلنے اور اس کو دو یونین علاقوں میں تقسیم کرنے کو بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے ہندتوا ایجنڈا کی تکمیل کا اقدام قرار دیتا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی شناخت، تشخص، تہذیب اور ثقافت چھننے کے عمل کی مذمت کرتا ہے۔


































