
رام اللہ : مغربی کنارے کے شہر تلکرم میں درجنوں نقاب پوش آباد کاروں نے صنعتی علاقے پر دھاوا بول کر فلسطینیوں کی املاک اور گاڑیوں کو آگ لگادی۔ نقاب پوش صیہونی آبادکار فوجیوں کی حفاظت میں بیت لد علاقے میں داخل ہوئے اور املاک کو آگ لگانا شروع کردی۔ حملہ آوروں نے ایک ڈیری فیکٹری، قریبی کھیت، کئی عمارتوں اور متعدد ٹرکوں کو آگ لگا دی۔ حملے کے دوران آبادکاروں نے موقع پر جمع ہونے والے فلسطینیوں پر پتھراؤ کیا جس سے چار افراد زخمی ہوئے۔
آگ قریبی خانہ بدوش فلسطینی کمیونٹی کے خیموں تک پھیل گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے آبادکاروں کے بجائے فلسطینیوں کو روکا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے چار آبادکاروں کو حراست میں لیا جس میں سے تین کو کچھ دیر بعد رہا کردیا۔


































