
بیجنگ : امریکی سیکریٹری خزانہ جیخ نیٹ ییلن نے خبردار کیا ہے کہ چین اور امریکا کی معیشت کو الگ کرنا دونوں ممالک کے لئے تباہ کن اور دنیا کے لیے عدم استحکام کا باعث ہو گا۔ امریکی سیکریٹری خزانہ جینیٹ ییلن چین کا چار روزہ دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئیں۔ بیجنگ کے دورے میں جینیٹ ییلن نے چینی وزیر اعظم اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔ روانگی سے قبل نیوز کانفرنس میں جینیٹ ییلن نے کہا کہ چینی حکام کے ساتھ دس گھنٹے کی براہ راست ملاقاتیں نتیخہ خیز رہیں اور ان کی بدولت دونوں ممالک کےتعلقات میں استحکام آئے گا۔ چین اور امریکا کے درمیان کئی اہم معاملات پر اختلافات ہیں اوران کو ایک دوسرے سے براہ راست اور واضح بات چیت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایک آزاد، جائز اور کھلی معیشت دیکھنا چاہتا ہے وہ ایسی معیشت نہیں چاہتا جو دوسرے ممالک کو کونے میں دھکیلے۔ واشنگٹن اور بیجنگ کو مخصوص اقتصادی طریقوں کے بارے میں خدشات پر براہ راست بات چیت کرنی چاہیے۔ انہوں نے دو بڑی معیشتوں کے درمیان ناہموار تعلقات کے باوجود زیادہ تعاون پر زور دیا۔


































