
ماسکو: روس۔ چین اور ایران نے سلامتی کونسل کی قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قرارداد فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کا دفاع نہیں کرتی ہے۔
چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کا کہنا ہے کہ غزہ سے متعلق کسی بھی انتظام میں فلسطینی حکمرانی کی اصولی بنیاد کو لازماً تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ دو ریاستی حل ہی مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ یہ قرارداد بین الاقوامی قانونی فیصلوں کے منافی ہے۔ قرارداد امن و سلامتی برقرار رکھنے کیلئے کونسل کو درکار اختیارات بھی فراہم نہیں کرتی۔ ماسکو نے بین الاقوامی اصولوں سے انحراف پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا اقدام فلسطینی ریاست کے جائز حق کو کمزور کرتا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں غیر ملکی فوج کے قیام سے متعلق سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد کو فلسطینیوں کے حقوق کو مجروح کرنے یا اسرائیلی حکومت کو احتساب سے بچانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔


































