
ریاض : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فونک گفتگو میں فلسطینیوں کے جائز حقوق یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ سعودی ولی عہد نے کہاکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام کوششیں کی جانی چاہیے۔ سعودی ولی عہد نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے حالات پیدا کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ضروری ہے فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دیے جانے کو یقینی بنایا جائے۔ دوسری جانب سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بین الاقوامی انسانی قانون کا اطلاق ہونا چاہیے۔ ہماری فوری توجہ غزہ میں جنگ بندی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ دو ریاستی حل ہی مسئلہ فلسطین کا بنیادی حل ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ فریقین کو بین الاقوامی قانونی جواز کے مطابق مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کا پابند ہونا چاہیے۔


































