
ریاض : سعودی عرب نے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کے بغیر اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات قائم نہیں کریں گے۔ سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی طرف سے برداشت کیے جانے والے شدید انسانی مصائب کے خاتمے کے لیے کام کرے۔ فلسطینی اپنی سرزمین پر رہیں گے اور یہاں سے کہیں نہیں جائیں گے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ سعودی عرب کا طویل مدت سے یہی نظریہ ہے کہ فلسطینیوں کی ایک خودمختار ریاست ہونی چاہیے اور یہ ایک پختہ مؤقف ہے جس پر مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔ وزارت خارجہ کے بیان میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے موقف کا حوالہ دیا گیا جس میں انہوں نے واضح کیا تھاکہ سعودی عرب خومختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو، کے قیام کے لیے انتھک کوششیں جاری رکھے گا اور اس کے بغیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر نہیں لائیں گے۔


































