
ریاض : سعودی شہزادے ترکی الفیصل نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایران کے خلاف جنگ میں گھسیٹنے کا اسرائیلی منصوبہ ناکام بنادیا۔ سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی الفیصل نے سعودی اخبار میں شائع اپنے مضمون میں لکھا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت نے جنگ کو روکنے کے لیے ابتدا ہی سے سفارتی کوششیں کیں۔ انہوں نے لکھاکہ اسرائیل کا منصوبہ کامیاب ہو جاتا تو پورا خطہ تباہی میں ڈوب جاتا اور ہزاروں سعودی شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے۔ ترکی الفیصل کے مطابق اگر سعودی عرب چاہتا تو ایران کے مفادات اور تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا تھا لیکن اس کے نتیجے میں سعودی تیل تنصیبات اور ڈی سیلینیشن پلانٹس مزید تباہی کا شکار ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ میں سعودی عرب کا کوئی مفاد نہیں تھا جبکہ اسرائیل خطے پر اپنی مرضی مسلط کرنے میں کامیاب ہو جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے حامی اب بھی تکبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں، شاید انہیں احساس نہیں کہ ان کے قدموں تلے سے زمین کھسک چکی ہے۔


































