
ریاض : سعودی عرب اور قطر نے قاہرہ میں فلسطین اجلاس کے فیصلوں کی توثیق اور مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں کابینہ کے اجلاس میں فلسطینی عوام کی ان کی سرزمین سے جبری ہجرت کو مسترد کر دیا گیا اور جنگ کے نتیجے میں سامنے آنے والے الم ناک محرکات کے خاتمے پر زور دیا گیا۔ کابینہ نے باور کرایا کہ فلسطینی عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے اور قانونی حقوق حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ ان میں 1967 کی سرحدوں پر ایک خود مختار آزاد فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔
قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور محمد الخلیفی نے مصر کی طرف سے پیش کردہ فارمولے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کا حل پورے خطے کے مفاد میں ہے اور یہ کہ غزہ کا مسئلہ سب سے پہلے فلسطین اور عربوں کا مسئلہ ہے۔


































