
ریاض : متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب کے بھی جنگ کے دوران ایران پر خفیہ فضائی حملوں کا انکشاف ہوا ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی فضائیہ نے مارچ کے آخر میں ایران کے اندر متعدد غیر اعلانیہ حملے کیے، تاہم ان حملوں کے اہداف کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ مغربی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کے جواب میں جوابی حملوں کے طور پر کی گئیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب سعودی عرب نے براہِ راست ایرانی سرزمین پر فوجی کارروائی کی ہو، جسے خطے میں ریاض کے زیادہ جارحانہ دفاعی مؤقف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے عرب امارات کے بھی ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کی رپورٹ دی تھی۔


































