
ماسکو: روس نے ماسکو پر یوکرینی حملے کے جواب میں شمال مشرقی خارکیف کے قصبے کو نشانہ بنایا۔ حملے میں 43 افراد زخمی ہو گئے۔ خارکیف علاقے کے چھوٹے سے قصبے پروو مائیسکئی میں میزائل لگنے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا اور کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ یہ قصبے جنگ کی فرنٹ لائن پر واقع ہے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روس نے ایک فوجی کی آخری رسومات کو نشانہ بنایا جبکہ روس نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ نہیں بناتا ہے۔ اس سے پہلے روس نے دارالحکومت ماسکو پر یوکرین کے ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ روسی فوج کے مطابق منگل کو کوبینکا کے علاقے میں پانچ ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ دو ڈرون کریملن کے اوپر پرواز کے دوران گرائے گئے۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک نے یوکرین کو اس قابل بنایا ہے کہ وہ ڈرون حملے کر سکے اور اسے ایک دہشت گردانہ عمل قرار دیا۔ یوکرینی ڈرونز کے حملے امریکہ اور نیٹو کی مدد کے بغیر ممکن ہی نہیں۔


































