
نیویارک: روس، چین اور بعض عرب ممالک نے امریکہ کے غزہ منصوبے کو مسترد کردیا، جبکہ روس نے سلامتی کونسل میں اپنی قرارداد کا مسودہ پیش کردیا ہے۔ روس کے مطابق اس کا مسودہ امریکی تجویز سے متاثر ہے اور اس کا مقصد پائیدار جنگ بندی کے لیے ایک متوازن اور قابل قبول نقطۂ نظر تیار کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روسی مسودہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے غزہ کے لیے بین الاقوامی استحکام فورس کے اختیارات واضح کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے اس میں بورڈ آف پیس کا ذکر موجود نہیں۔
امریکی متن میں فلسطینی ریاست کے قیام کا راستہ اور اسرائیلی افواج کے غزہ سے انخلا کا شیڈول شامل نہیں ہے۔ روس کے ساتھ ساتھ چین اور بعض عرب ممالک بورڈ آف پیس اور فلسطینی اتھارٹی کے عبوری کردار کی کمی کی مخالفت کررہے ہیں۔ چین اور روس چاہتے ہیں کہ ٹرمپ کے امریکی منصوبے میں شامل بورڈ آف پیس کو مکمل طور پر قرارداد سے ہٹایا جائے۔


































