
سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صوبائی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر ناکام اور نااہل قسم کے لوگ حاکم ہیں ، پی آئی اے ، اسٹیل مل ، ریلوے ، ایئرپورٹس، موٹرویز سمیت تمام قومی اثاثوں کو تباہ وبردباد کردیا گیا ، ان تمام اداروں کو نجکاری کے نام پر فروخت کیا جارہا ہے، اگر نقصان دہ اداروں کی نجکاری ہی اصول ہے تو حکومت بھی نہیں چل رہی اس کی بھی نیلامی کردی جائے، وزارت اور صدارت کی بھی نجکاری کردیں۔ اس موقع پر مرکزی رہنما ایم ڈبلیوایم علامہ سید حسن ظفر نقوی ، صوبائی صدر علامہ سید باقرعباس زیدی، علامہ مختار احمد امامی، ڈویژنل صدر علامہ صادق جعفری، ڈویژنل رہنما علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ علی انور جعفری، رضی حیدر رضوی، آصف صفوی، علی نیئر، امتیاز عباس زیدی، ناصرالحسینی، احسن عباس رضوی ودیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نےکہا کہ موجودہ بجٹ ظالمانہ اور بےرحمانہ بجٹ ہے، ایسا لگتا ہے کہ بجٹ عوام کے دشمنوں نے بنایا ہے ، کمزور طبقہ مزید مشکلات کا شکار ہوگیا ہے، حکمرانوں نے اپنے خرچے کم کرنے کے بجائے بڑھا دیئےہیں، کہتے ہیں ہم تنخواہیں نہیں لیتے، انہیں اپنی مراعات اور عیاشیاں ختم کرنی ہوں گی، حکمرانوں نے سینیٹرز اور اراکین اسمبلی کی سہولتیں بڑھادی ہیں، یہ فارم 47 والے حکمران ہیں جنہیں عوام نے مسترد کردیا تھا، یہ فارم 47 والے بےضمیر ہیں اور عوام سے انتقام لے رہے ہیں۔


































