
نئی دہلی : بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہلدوانی میں دینی مدرسہ اور اس کے اندر بنی نماز گاہ کو گرانے پر ہنگامے پھوٹ پڑے۔پولیس کی فائرنگ سے چھ مسلمان جاں بحق اور پچاس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ مسلمانوں کے مطابق ضلع انتظامیہ نے مسجد سے ملحق مدرسے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بلا کسی اطلاع کے گرانے کی کوشش کی جس پر مظاہرین نے پولیس کو روکنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق پتھراؤ سے چالیس پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا، ہنگاموں کے بعد پورے شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ شہر کے سبھی حصے میں پولیس فورس تعینات ہے اور سبھی بازار پوری طرح سے بند ہے۔ تشدد کے بعد اتراکھنڈ حکومت نے شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا ہے اور اسکول و کالج بند کرنے کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔ انٹرنیٹ بھی عارضی طور پر بند ہیں۔


































