
اسلام آباد: وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نگران وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر کوثر عبد اللہ ملک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کیلئے گندم سبسڈی سمیت خطے کو زرعی اجناس میں خودکفیل بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غورو خوض کیا گیا اور خطے کو درپیش گندم ایشو کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے مربوط اقدامات بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس موقع پر گلگت بلتستان کیلئے سالانہ 16 لاکھ بوری سبسڈائزڈ گندم فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا اور خطے کو زرعی شعبے میں خود کفیل بنانے اور غذائی اجناس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے ایگریکلچر سپورٹ فنڈ کی مد میں اضافی گرانٹ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ نگران وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان کو سالانہ 16 لاکھ بوری سبسڈائزڈ گندم کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے اور زرعی اجناس میں خود کفیل بنانے کیلئے وفاقی حکومت بھر پور تعاون فراہم کریگی اور اس حوالے سے فنڈز کی فراہمی کے علاوہ صوبے کی زرعی شعبے میں پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے پاکستان ایگری کلچر ریسرچ کونسل کو استعداد کار بڑھانے کیلئے سفارشات پیش کرنے کے احکامات دئیے جائینگے۔


































