
اسلام آباد: سیشن کورٹ نے دوران عدت نکاح کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد کر دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پچیس جون کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے دس صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا۔ عدالت نے دونوں کی سات سات سال کی سزا برقرار رکھی۔ عدالت نے فیصلہ میں لکھا کہ سزا معطلی یا ضمانت پر رہائی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران مقدمے کے میرٹس پر بات نہیں کی جا سکتی۔ دونوں ملزمان کو دی گئی سزا نہ تو قلیل مدتی ہے اور نہ ہی وہ سزا کا زیادہ حصہ بھگت چکے ہیں۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو تین فروری کو سزا سنائی تھی جسے انہوں نے چیلنج کیا تھا۔
تحریک انصاف نے عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف درخواستیں مسترد ہونے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ درست نہیں، اس فیصلے کو اپنے وکلا کے ذریعے ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔


































