
بغداد : عراق میں حکومت سازی کیلئے مختلف جماعتوں نے اتحاد کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ انتخابی نتائج کے مطابق شعلہ بیاں مقرر مقتدیٰ الصدر کاصدر گروپ سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آیاجس نے 70 نشستیں حاصل کی ہیں پہلے ان کی نشستوں کی تعداد 73 بتائی گئی تھی۔ سابق وزیراعظم نوری المالکی کی زیرقیادت حکومت قانون الائنس کی 6نشستوں میں اضافہ ہوا ہے جو اب 40 ہوگئی ہیں۔ حشد الشعبی کے ہادی العامری کے زیر قیادت الفتح الائنس کی نشستیں 14 سے بڑھ کر 20ہو گئی ہیں۔ اہلسنت اسپیکر محمد الحبوشی کی تقدم پارٹی نے 38 جبکہ کرد جماعتوں نے 61 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ امتداد الائنس کی نشستیں بھی9 سے 12 پر پہنچ گئی ہیں جبکہ قوی الدولہ کی نشستیں 4سے 3 ہوگئی ہیں۔ انتخابی نتائج کے بعد حکومت سازی کی کوششیں بھی تیز ہوگئی ہیں۔قانون الائنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نوری المالکی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اکثریتی دھڑا تشکیل دینے سے متعلق شیعہ،سنی اور کرد جماعتوں کے ساتھ کسی حدتک مفاہمت ہوگئی ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر اور تقدم گروپ اگر کردستان ڈیموکریٹک پارٹی سے اتحاد کرلیں تو وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آجائیں گے۔ حکومت سازی کیلئے 165 ارکان کی ضرورت ہے اور ان تینوں گروپس کی مجموعی نشستوں کی تعداد 169 بنتی ہے۔


































