
غزہ: صیہونی فوج نے غزہ پر بموں اور میزائلوں کی برسات کردی۔چوبیس گھنٹوں میں تین صحافیوں سمیت ایک سو اسی افراد شہید اور چھ سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے گذشتہ روز عارضی جنگ بندی ختم ہوتے ہی غزہ پر وحشیانہ حملے شروع کردئے۔ جگہ جگہ بمباری سے کئی مکانات اور رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ زمینی، فضائی اور بحری فورسز نے چوبیس گھنٹوں کے دوران حماس کے دو سو سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
وزارت صحت کے مطابق تازہ حملوں کے بعد اسپتال زخمیوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں اور جگہ نہ ہونے کے سبب زخمی فرش پر پڑے ہوئے ہیں۔
حماس نے بھی اسرائیل پر جوابی حملے کئے۔ اسرائیل کے وسطی حصوں میں متعدد راکٹ داغے گئے۔تل ابیب اور جنوب کی آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ القسام بریگیڈز نےکہا کہ اس نے غزہ شہر کے شمال اور جنوب میں اسرائیلی فورسز کے ٹھکانوں کو درجنوں مارٹر گولوں سے بھی نشانہ بنایا ہے۔


































