
نیویارک : قطر نے ایران اور امریکا کے درمیان ایٹمی مذاکرات کی بحالی کی کوششیں شروع کردیں۔نیوز ایجنسی رائٹر کے مطابق قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں ثالثی کے بعد قطر ایران اور امریکا کے درمیان نیوکلیئر پروگرام سے متعلق بات چیت کا ماحول تیار کرنا چاہتا ہے۔ نیویارک میں قطری نمائندوں نے امریکا اور ایران کے سفارتکاروں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق بات چیت کی۔ سفارتکار کا کہنا تھا کہ یہ ملاقاتیں کسی ٹھوس مذاکرات کا ماحول تیار کرنے کیلئے ابتدائی بات چیت کا ذریعہ ہیں۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ دوحہ کی ثالثی میں ایران اور امریکہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے حالیہ کامیاب معاہدے کے تناظر میں قطر بین الاقوامی ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ماجد الانصاری نے نیویارک میں مڈل ایسٹ گلوبل سمٹ میں کہا ہے کہ ثالث کے طور پر ہمارا کام اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ انسانی ہمدردی کے تحت رہا ہونے والے قیدی اپنے گھروں کو واپس جائیں۔


































