
دوحہ : قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے حماس کی مالی معاونت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ قطر اسرائیلی تباہ کاری کے اخراجات ادا نہیں کرے گا۔
شیخ محمد نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ حماس کے ساتھ قطر کا رابطہ امریکہ کی درخواست پر ایک دہائی قبل شروع ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ میں حماس کا دفتر صرف رابطے، جنگ بندی کی کوششوں اور غزہ کو امداد پہنچانے میں سہولت دینے کے لیے استعمال ہوا۔ حماس کو فنڈنگ کا دعویٰ حقیقت کے برعکس ہے اور سخت نگرانی کے نظام کو نظرانداز کرتا ہے جس کے تحت امداد منتقل کی جاتی رہی۔ انہوں نے زور دیا کہ ساری امداد غزہ کے عوام تک پہنچی اور شفاف طریقے سے خرچ ہوئی، جس سے امریکہ بھی مکمل طور پر آگاہ تھا۔ قطر کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ برسوں سے جھوٹ اور گمراہ کن مہمات کے ذریعے قطر اور امریکہ کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


































