
تہران: ایران نے روس سے سخوئی ایس یو 35 جنگی طیاروں کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی۔ اقوام متحدہ کی 2020 میں منظور کردہ قرارداد کے تحت ایران پر روایتی ہتھیار خریدنے پر پابندیوں کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔ ایران نے اقوام متحدہ کو بتایا کہ اس نے اپنے لڑاکا طیارے خریدنے کے لیے ممالک سے رابطے شروع کیے ہیں۔سخوئی 35 لڑاکا طیارے تکنیکی طور پر ایران کے لیے قابل قبول ہیں۔ روس نے یہ طیارے فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ تہران نے ماسکو کے ساتھ گذشتہ ایک سال میں دفاع سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات استوار کیے ہیں۔ معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون مزید بڑھے گا۔ پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے دسمبر میں کہا تھا کہ ایرانی پائلٹ روس میں سخوئی جنگی طیاروں کو اُڑانا سیکھ رہے ہیں۔


































