
پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے پنجاب حکومت نے سخت اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد حیثیت میں پاکستان آنیوالے چینی باشندے موبائل ایپ استعمال کرنے سے گریزاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق موبائل ایپ استعمال میں چینی باشندوں کی عدم دلچسپی کو ایپکس اجلاس میں اہم ایشو قرار دیا گیا ہے۔ دوسری جانب چینی باشندوں کیلئے حکومت نے بم پروف گاڑیوں کی تعداد 17 سے 50 کر دی ہے۔ اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ سی پیک یا نان سی پیک کیلئے آنیوالا کوئی بھی چینی باشندہ بم پروف گاڑی کے بغیر سفر نہیں کر سکے گا۔
پنجاب حکومت نے آزاد حیثیت میں آنیوالے چینی باشندوں کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی باشندوں کو موبائل ایپ استعمال کرنے کیلئے پابند کیا جائے گا، موبائل ایپ سے چینی باشندوں کی مانیٹرنگ اور لوکیشنز ٹریک ہوں گی، آزاد حیثیت میں آنیوالے چینیوں کی سکیورٹی بارے چینی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی میں بھی بم پروف وہیکل کا پول قائم کر دیا گیا ہے، چینی باشندوں کی موومنٹ کے دوران بم پروف گاڑیاں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی مہیا کرے گا، سی ٹی ڈی میں چائینیز سکیورٹی انٹیلی جنس یونٹ بھی قائم کردیا گیا، جو چینی باشندوں کی مانیٹرنگ کرے گا اور انہیں سکیورٹی فراہم کرے گا۔


































