
کراچی : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی یقین دہانیوں اور وعدوں کے باجود کئی مقامات پر نیاز دینے والوں اور سبیل لگانے والوں کو روکا گیا۔ بڑی تعداد میں بانیان مجالس اور علماء و ذاکرین کو بھی روکا گیا، سرکاری اہکاروں کے ذریعے ان کو گرفتار کروایا گیا اور ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ کے علاقے بھکی میں جلوس عزا پر فائرنگ ہوئی اور دو عزادارن سید الشہداء شہید ہوئے بھکی میں حالات اب بھی خراب کئے جا رہے ہیں اور اس کی ذمہ دار حکومت پنجاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ہوش کے ناخن لے، پاکستان ہمارا ملک ہے، اس کا آئین و دستور ہم کو مکمل آزادی کے ساتھ یہ حق دیتا ہے کہ ہم اپنے مذہبی عبادات، رسومات اور تہوار کو آئین اور قانون کے حدود میں رہ کر انجام دیں۔


































