
لاہور : یمن میں عرب اتحاد کی جارحیت کیخلاف امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے لاہور، ملتان، گلگت اور اسلام آباد میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا۔ لاہور میں پریس کلب کے سامنے بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ آئی ایس او پاکستان کے رہنمائوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 سال سے یمن میں مظلوم مسلمانوں کو شیطانی قوتوں کی جارحیت کا سامنا ہے، سعودی بمباری سے یمن میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی و شہید اور معذور ہو چکے ہیں۔ تاریخ کے بدترین انسانی بحران، وحشیانہ حملوں کیخلاف اور یمن میں عالمی سامراج کی جارحیت کیخلاف ہمیں سڑکوں پر نکل کر استعمار دشمنی کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔مقررین کا کہنا تھا کہ یمن کی جیل پر جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے میں 80 سے زائد مظلوم یمنی جاں بحق اور 260 زخمی ہوئے۔ آل سعود اور متحدہ عرب امارات، عالمی سامراج امریکہ اور صیہونی حکومت کے آلہ کار اور انسانیت کے مجرم ہیں۔


































