
دوحہ: حماس نے مکمل جنگ بندی تک اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات معطل کردئے۔حماس کے نائب سربراہ صالح العروری نے کہاہےکہ مکمل جنگ بندی اور تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی تک اسرائیلی یرغمالی رہا نہیں کیے جائیں گے۔ نہ ہی اس پر کوئی بات ہوگی۔انہوں نے کہاکہ القسام بریگیڈ کی قید میں اسرائیلی فوجی اور صرف مرد موجود ہیں۔ تمام خواتین اور بچوں کو رہا کرچکے ہیں۔انہوں نےکہاکہ اسرائیلی جیلوں میں موجود تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور غزہ پر جاری جارحیت کے خاتمے اور جنگ بندی تک کسی اسرائیلی قیدی کو رہا نہیں کریں گے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ مذاکرات کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے۔صیہونی فوج کی زمینی ، فضائی اور بحری کارروائیوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ گذشتہ روز مذاکرات میں کسی قسم کی پیشرفت نہ ہونے پر دوحہ میں موساد کی مذاکراتی ٹیم کو اسرائیل واپس بلالیا گیا تھا۔


































