
اسلام آباد: وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے ایران کے نو منتخب صدر کو ٹیلی فون کر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور صدارتی انتخابات میں کامیابی پر انہیں دلی مبارکباد دی، ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جمہوری عمل کے ذریعے نئے صدر کے انتخاب پر انہیں اور عوام کو مبارکباد دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہا کہ برادر ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران مشترکہ تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایات کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت، توانائی اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔


































