
اسلام آباد: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی دنیا کے رہنماؤں کے لیے نمونہ عمل تھے، وہ انتہائی زاہد اور سادہ و محنتی انسان تھے، وہ یتیمی، غریبی اور مشکل ترین زندگی کے باوجود محنت سے آگے آئے اور اپنی عوام کی خدمت کی، عوامی خدمت کی بدولت وہ ایرانی عوام کے ہر دلعزیز رہنما تھے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی کی موت پر کروڑوں لوگ غمزدہ تھے، مزدوروں اور غریبوں کا ہمنوا و دل جوئی کرنے والے پڑھے لکھے حکیم انسان تھے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ قرآن مجید کہتا ہے کہ سچ بولو اور اس ملک میں سچ بولنے پر پابندی ہے، شہید ابرہیم رئیسی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اصل شکل یہ ہے کہ ہم ان کے کام اور مشن کو مکمل کریں۔ ایران سامراجی قوتوں کے خلاف پوری اسلامی دنیا سے آگے بڑھ چکا ہے، خدا انکی مدد و نصرت فرمائے. ہمارے حکمران اس ایشو پر کچھ نہیں کر سکتے۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ شہید رئیسی اور ان کے رفقاء میں کونسی ایسی بات تھی جس پر سب انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں وہ انکی تربیت اور فکر سازی ہے جس کی تکمیل جمہوری اسلامی ایران کے نظام نے کی تھی، یہ انقلاب دنیا کے ظالمانہ نظاموں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑا ہے۔
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پورے عالم اسلام میں چمکتا ہوا ستارہ تھے، وہ مرد حر تھا، پاکستان کے بے ضمیر حکمرانوں میں یہ طاقت ہے ہی نہیں کہ وہ اس جرآت مند رہنما کی مشترکہ پارلیمنٹ سے خطاب کرواتے۔
ممبر قومی اسمبلی سردار لطیف کھوسہ نے شہداء خدمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید ابراہیم رئیسی ایک وسیع النظر اور حکیمانہ سوچ کے مالک رہنما تھے، جس قدر تباہی اور سفاکیت غزہ میں اسرائیل کی طرف سے کی جا رہی ہے اس پر پوری دنیا مجرمانہ خاموشی اختیار کیئے ہوئے ہے، اسرائیل نے جنگ بندی کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو ہوا میں اڑا دیا ہے، صرف ایران فلسطینی کاز پر کھل کر حمایت اور مدد کر رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ سید ابراہیم رئیسی کا نقصان پورے عالم اسلام کا نقصان ہے، وہ دنیا کے تمام مظلومین کی حمایت کرنے والے تھے، وہ تمام عالم اسلام کی خودمختاری اور وقار کی بات کرتے تھے، وہ جرآت مندانہ سوچ اور کردار کے مالک تھے، اس سانحے پر ہم سب ایرانی قوم کے ساتھ سوگوار اور غمزدہ ہیں۔ ریفرنس سے رہنما عوامی نیشنل پارٹی ساجد ترین ۔ صدر نیشنل پریس کلب اظہر خان جتوئی، معروف صحافی و اینکر پرسن مظہر برلاس سمیت مختلف سیاسی مذہبی، وکلا، میڈیا و سماجی شخصیات نے شرکت اور خطاب کیا۔


































