
لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ بس بہت ہوگیا پنجاب اور اسلام آباد پولیس ڈھٹائی سے قوانین کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا فوکل پرسن اظہر مشوانی کو لاہور سے اغوا کیا گیا، انہیں کہاں رکھا گیا پتا نہیں چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 مارچ کو سینیٹر شبلی فراز، عمر سلطان کو اسلام آباد پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا، حسان نیازی کو ضمانت ملنے کے بعد پولیس نے گرفتار کیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، پنجاب پولیس پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کیلئے تمام قوانین توڑ رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اظہر مشوانی کو فوری طور پر رہا کیا جائے، حسان نیازی کو بھی ضمانت ملتے ہی اٹھا لیا گیا، قید میں رکھنے کیلئے جھوٹا مقدمہ ڈالا گیا ہے۔ عمران خان کےلیے سوشل میڈیا فوکل پرسن اظہر مشوانی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اظہر مشوانی کو ان کے گھر کے باہر سے حراست میں لیا گیا۔ پولیس افسران پی ٹی آئی کیخلاف تشدد اور اغواء میں ملوث ہیں، آئی جی پنجاب اور دیگر افسران کی تصاویر انسانی حقوق کے اداروں کو بھیج رہا ہوں۔ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اظہر مشوانی کو نامعلوم افراد نے لاہور سے اغواء کیا۔


































