
اسکردو : اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے آرگنائزرعلامہ شیخ مرزاعلی نے وزیر اعظم عمران خان کا اسکردو کا دورہ مایوس کن قرار دے دیا، شیخ میرزا علی نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کے دورہ اسکردو سے سخت مایوسی پھیل گئی۔ خان صاحب کے پاس گلگت بلتستان کی خوبصورتی کی تعریف کے سوا کچھ نہیں تھا۔ ان کے دورے سے دو ہفتہ قبل سابق چیف جج سپریم اپیلیٹ کورٹ نے گلگت بلتستان کو پاکستان کی آئینی حدود سے باہر قرار دیا تھا۔ اس پر عوام میں سخت بے چینی پائی جاتی تھی اور اسکردو کے عوام کو آئینی عبوری صوبہ کے اعلان کیلئے جمع کیا گیا تھا۔ بلتستان کے محب وطن عوام بار بار وزارت خانوں اور عدلیہ کی جانب سے کی جانے والے توہین آمیز بیان کا جواب سننا چاہتے تھے۔ ورنہ جی بی کی خوبصورتی عمران خان کی تعریف کی محتاج نہیں ہے۔ شیخ میرزا علی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت اسکردو روڈ اور اسکردو انٹرنیشنل ائیرپورٹ معمول کے ترقیاتی منصوبوں کا حصہ ہیں، اس وقت خطہ کی ضرورت آئینی حیثیت کا تعین ہے تاکہ آئے دن جی بی کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا سلسلہ ختم ہوسکے۔


































