
سڈنی : سڈنی حملے میں ملوث حملہ آور ساجد اکرم اور اس کے بیٹے کے پاسپورٹس سامنے آگئے۔ سڈنی کے بونڈائی بیچ پر دہشت گردی میں ملوث ساجد اکرم کا پاسپورٹ بھارتی سفارتخانہ نے چوبیس فروری دو ہزار بائیس میں دس سال کیلئے جاری کیا۔ جبکہ نوید اکرم کا پاسپورٹ آسٹریلیا سے جاری ہوا۔ دونوں باپ بیٹے نے گذشتہ ماہ کے اوائل میں فلپائن کا دورہ کیا اور وہاں ستائیس دن قیام کیا۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق دونوں حملہ آوروں نے فلپائن میں عسکری تربیت حاصل کی۔ جبکہ فلپائن حکومت اس کی تردید کردی ہے۔ فلپائن میں صدارتی ترجمان نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ حملہ آوروں کی کسی دہشت گرد تنظیم سے تربیت کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔ ترجمان کے مطابق فلپائن کو داعش یا کسی اور تنظیم کے تربیتی مرکز کے طور پر پیش کرنا بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔ کسی بھی ملک کو بغیر شواہد دہشت گردی سے جوڑنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
زخمی حملہ آور نوید اکرم کو مکمل ہوش آگیا ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز کے پولیس کمشنر مال لینیون کا کہنا ہے کہ نوید اکرم سے پوچھ گچھ کیلئے اس کے صحت یاب ہونے کا انتظار ہے۔ ادھر نوید اکرم پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ جس میں قتل۔اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت انسٹھ دفعات لگائی گئی ہیں۔


































