
رام اللہ : فلسطینی اتھارٹی نے ایک درجن سے زائد نئی یہودی بستیوں کی منظوری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کردہ دائرہ کار سے تجاوز ہے۔ پی ایل او کے وال اینڈ سیٹلمنٹ ریزسٹنس کمیشن کے سربراہ وزیر معیاد شعبان نے کہا ہے کہ یہ ایسا قدم ہے جس کا مقصد فلسطینی زمین کو مزید ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی کوشش اور فلسطین کے جغرافیہ میں ہیرا پھیری کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی یہودی بستیوں کو قانونی شکل دینا فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی استعماری توسیع کو تقویت دینے کی دانستہ کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی جاری خلاف ورزیوں کے خلاف واضح، ٹھوس اور موثر کارروائی کرے۔


































