
اسلام آباد: پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی اور بحرینی وزرائے خارجہ سے رابطے کئے ہیں۔ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک بات چیت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے کی جانے والے تمام کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا اور تنازعے کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ اسحاق ڈار نے کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیا اور مکالمے و سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان اور چین کے پانچ نکاتی اقدام پر روشنی ڈالی۔


































