
جیکب آباد: ایران میں ٹریفک حادثے میں شہید زائرین کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔ تین زائرین کی نماز جنازہ خیرپور میں ادا کی گئی، جس کی امامت علامہ شبیر میثمی نے کی۔شہدا کی میتںغ پہنچنے پر سوگ کا سماں تھا۔ چھ زائرین کی نماز جنازہ کندھ کوٹ میں ہوئی جس میں لواحقین اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دو خواتین نسیم اختر، رحمت خاتون اور ایک بچے منتظر مہدی کی میت قمبر لائی گئی ۔ تینوں کو مقامی قبرستان میں سپرد لحدکردیا گیا۔ دس زائرین کو لاڑکانہ کے مختلف علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں اور مقامی حکام نے شرکت کی۔
اس سے قبل پاکستانی زائرین کی اٹھائیس میتوں اور پچیس زخمیوں کو خصوصی طیارے میں جیکب آباد لایا گیا۔ شہدا کی نماز جنازہ شہباز ایئر بیس پر ادا کی گئی۔ جس میں صوبائی وزیر ناصر شاہ، سول و فوجی افسران۔ علاقہ مکینوں اور لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد ورثاء میتیں لیکر آبائی علاقوں کو روانہ ہوگئے جبکہ زخمیوں کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس سے پہلے میتوں کو ایران سے پورے پروٹوکول کے ساتھ پاکستان روانہ کیا گیا۔ سندھ حکومت نے لواحقین کیلئے فی کس پچاس لاکھ اور زخمیوں کیلئے دس لاکھ امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔


































