
اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے افغان عوام کی انسانی بنیاد پر مدد کے لیے منظوری کی گئی قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرارداد افغان عوام کی مدد کے لیے درست سمت میں ایک قدم ہے۔ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2 ہزار 615 کی متفقہ منظوری کا پاکستان خیرمقدم کرتا ہے، جس میں توثیق کی گئی ہے کہ افغانستان کے عوام کو انسانی بنیادوں اور دیگر نوعیت کی امداد کی فراہمی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد ایک اہم مرحلے پر آئی ہے، جس سے عالمی برادری کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر افغان عوام کی مدد کے احساس کی عکاسی ہوتی ہے جو دہائیوں سے جاری تنازع کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد میں کیے گئے احساس کی غمازی گزشتہ ہفتے پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کی وزرا خارجہ کونسل کے 17 ویں غیرمعمولی اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد سے بھی ہوتی ہے۔ پاکستان کی سربراہی میں اوآئی سی کی وزرا خارجہ کونسل (سی ایف ایف) کے اجلاس میں دوٹوک انداز میں زور دیا گیا تھا کہ افغانستان کو انسانی بنیادوں پر ہر ممکن امداد فراہم کی جائے، بحالی وتعمیر نو، ترقی سمیت تکنیکی معاونت اور دیگر مدد پہنچائی جائے۔


































